وزن گھٹانے والے1منٹ ٹوٹکے ... انیلا ثمن
Reduce... weight home spa.jpg
وزن گھٹانا سب کے لیے اہم ضرورہے لیکن مشکل کام معلوم ہوتا ہے۔ہمارے خیال میں وزن گھٹانے کے لیے جم میں گھنٹوں گزارنا اور بھوکے رہنا ضروری ہے،جبکہ ایسا ہر گز نہیں ہے۔وزن کم کرنے کے لیے آپ کو ضرورت ہوتی ہے محض چاق و چوبند رہنے کی۔آپ جسم سے چربی گھٹانا چاہتے ہیں تو درج ذیل چند ایک،ایک منٹ والے کام اپنے روزانہ کے معمولات میں شامل کرلیں
پھلوں کو کھائیں یا جوس کے طور پر استعمال کریں دونوں صورتوں میں آپ کا وزن گھٹانے کے لیے بہترین ماناجاتا ہے۔ایسے میں موسم کی مناسبت سے اپنا پسندیدہ پھل نکالیں اور ایک منٹ میں اس کا پانی کے ساتھ اچھا سا جوس تیار کر لیں۔اس میں چینی کا استعمال ہر گز نہ کریں چاہیں تو ہلکا سا شہد یا شکر شامل کر سکتے ہیں۔یوں بھی آج کل موسم کے کئی میٹھے پھل مارکیٹ میں دستیاب ہیں جن میں آپ کو میٹھا شامل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ایک گلاس روزانہ جوس پینے سے آپ85کیلوریز کم کر سکتے ہیں۔اس حساب سے روزانہ جو س پینے سے سال میں5 پائونڈ تک وزن کم کیا جا سکتا ہے۔
چلتے پھرتے رہنا وزن کم کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔ایسے میں کوشش کریں کہ کوئی بھی ایسا کا م جو بیٹھ کر اور چل پھر کر بھی کیا جا سکتا ہے تو ایک منٹ لگائیں اور اپنی جگہ سے اٹھ کرچلنے کو ہی ترجیح دیں۔مثال کے طور پر آپ گھنٹوں کانوں سے فون لگائے بیٹھے یا لیٹ کر بات کرتے رہتے ہیں ۔اس کی بجائے کوشش کریں کہ چلتے ہوئے فون پر بات کر لی جائے، ہر وقت بیٹھ کر بات کرنے سے پیٹ میں چربی جمع ہونے لگتی ہے۔کوشش کریں بات کرتے ہوئے حرکت میں رہیں۔
آپ کہیں بھی جا رہے ہوں گھر سے نکلتے ہوئے اگر آپ کو یقین ہے کہ باہر ہی کھانے کا وقت ہو جائے گا تو ایک منٹ لگائیں اور کھانا پیک کر لیں۔باہر سے کھانے کی بجائے ہمیشہ گھر کے کھانے کو ترجیح دیں۔اس میں نہ آپ کا زیادہ وقت صرف ہو گا اور صحت کے لیے بھی بہترین ہے۔گھر کا صاف ستھرا پکا کم کیلوریز والا کھانا باہر کے تیل والے غیر صحت مندانہ کھانوں سے ہزار گنا بہترہے۔
دن بھر میں آپ کو جب بھی وقت ملے ایک منٹ لگائیں اور اپنے لیے جلدی سے پانی کی بوتل یا گلاس بھر لیں۔پانی جسم سے چربی دور کرنے کے لیے بہترین مانا جاتا ہے،نہ اس میں آپ کی زیادہ محنت لگتی ہے اور نہ کوئی خاص خرچ آتا ہے۔اپنی صحت کو ترجیح دینا اور پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کریں۔
بھوک کو قابو میں رکھنے کے لیے ایک منٹ کی بہترین ورزش کے بارے میں آپ کو بتاتے ہیں۔جب کبھی آپ کا کوئی چیز کھانے کو دل کرے تو اسے اٹھانے سے پہلے ایک منٹ میں دس بار اٹھک بیٹھک کر لیں۔اس سے آپ کے جسم میں پہلے سے موجود کیلوریز کو کسی حد تک گھلنے میں مدد مل جائے گی او ر نئی خوراک کے لیے پیٹ میں جگہ بھی بن جائے گی۔