دو جہاں میں کامرانی آپﷺ کی الفت سے ہے
ہم گنہگاروں کو رغبت آپﷺ کی مدحت سے ہے
ہم کو بھر بھر کے نوازا ہے خدا نے جھولیاں
یہ کرم ہم پر خدا کا آپﷺ کی نسبت سے ہے
دور ہیں آقاﷺ ، مدینے کا ہمیں ارمان ہے
زندگی میں بس یہی اک غم بڑی شدت سے ہے
سارے نبیوں میں نبی ہیں آپﷺ ہی بس آخری
وجہِ تخلیقِ جہاں بھی آپ ﷺ کی برکت سے ہے
پتھروں نے دی گواہی ، پیڑ بھی چلنے لگے
چاند بھی دو لخت آقا ﷺ آپ ﷺ کی عظمت سے ہے
آنچ آئے آپﷺ کی حرمت پہ ،ہے یہ اک سوال
جو مسلمانی کے دعویدار کی غیرت سے ہے
آپ کی الفت نہ ہو سعدی تو کیا ہے زندگی
زندگی کا لطف آقا ﷺ آپ ﷺ کی چاہت سے ہے
سعید سعدی