براڈشیٹ کیس کی روشنی میں جامع تحقیقات کروا رہے ہیں: وزیراعظم
Imran khan.jpg
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ براڈشیٹ کیس کی روشنی میں جامع تحقیقات کروا رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی رہنماوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گزشتہ دور میں ضرورت سے زیادہ اور مہنگی بجلی بنائی گئی، 42 فیصد مہنگی بجلی بنانے کا خمیازہ آج عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔
اجلاس کے دوران وزراء کی کمیٹی نے براڈشیٹ معاملے پر بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ براڈشیٹ کیس نے سابق حکمرانوں کو ایکسپوز کردیا ہے، سابقہ این آر او 20 ملین ڈالر کے نقصان کا سبب بنا۔ انہوں نے مشرف کے ساتھ ڈیل کرکے اپنی پراپرٹی بچائی۔
عمران خان نے کہا ہے کہ یہ لوگ آج بھی صرف اپنے دولت بچانے کے لیے این آر او مانگ رہے ہیں، براڈشیٹ کیس کی روشنی میں جامع تحقیقات کروا رہے ہیں۔ ہماری حکومت اور ادارے انکے پریشر میں نہیں آئیں گے۔ قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے گی۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فرخ حبیب نے فارن فنڈنگ کیس پر بریفنگ دی۔
فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس کی اوپن سماعت کی پیشکش کر چکا ہوں، تحریک انصاف ہر فورم پر اپنا کیس پیش کر چکی ہے، فارن فنڈنگ کیس اپوزیشن جماعتوں کی حقیقت قوم کے سامنے آئے گی، میں جو کہتا تھا آج وہ سچ ثابت ہو رہا ہے۔