اب غیر ضروری میسجز اور کالز کو بلاک کرنا ممکن
call message Blocking.jpg
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ایک ایسی ایس ایم ایس سروس متعارف کرائی ہے جس کی مدد سے اب صارف غیر ضروری میسجز اور کالز کو فوری طور پر بلاک کر سکتے ہیں.
خیال رہے کہ آج کل موبائل فون صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر ایسے پیغامات موصول ہوتے رہتے ہیں جس میں ٹیوشن پڑھانے سے لے کر گھروں کے ایئر کنڈیشنر تک چیزوں کی خرید وفروخت کی تحریریں ہوتی ہیں۔ اکثر صارفین ایسی ان کی شکایت ہی کرتے نظر آتے ہیں۔ لیکن اب صارفین ان میسجز اور کالز سے باآسانی چھٹکارا حاصل کر سکتے ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی میں چھپنے والی خبر کے مطابق پی ٹی اے نے اب ایک ایسی سروس متعارف کرائی ہے جس کے ذریعے موبائل فون صارفین ایسے ان چاہے میسجز اور کالز بلاک کر سکتے ہیں۔
اس کے لیے صارفین کو اپنے موبائل فونز کے میسج سیکشن میں جا کر(reg) لکھ کر 3627 پر میسج بھیجنا ہوگا۔ اس کے بعد آپ کو ہر قسم کے تشہیری پیغامات اور کالز موصول ہونا بند ہو جائیں گی۔
پی ٹی اے کے ترجمان کا بی بی سی سے گفتگو میں کہنا تھا کہ اکثر اوقات ہم جب کوئی چیز خریدنے دکان پر جاتے ہیں تو وہاں پر ہمارا نمبر مانگا جاتا ہے جس کے بعد وہ نمبر ان کے ڈیٹا بیس میں محفوظ کر لیا جاتا ہے۔ بہت سے برانڈز کی مارکینٹنگ کمپنیاں ایک ہی ہوتی ہیں۔ جب آپ اپنا نمبر ایک برانڈ کے لیے رجسٹر کرتے ہیں تو وہ دیگر برانڈز کی مارکیٹنگ کے لیے استعمال ہوجاتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اس لیے پی ٹی اے نے یہ سروس فراہم کی ہے تاکہ ’آپ ہر قسم کے ٹیلی مارکیٹنگ میسجز کو بلاک کر سکیں۔ انھوں نے بتایا کہ ’یہ سروس بلکل مفت ہے۔ صارفین کو اس سروس کے استعمال پر کوئی چارجز نہیں دینے ہوں گے۔
مارکیٹنگ میسجز کے علاوہ آپ کے موبائل نمبر پر مختلف نمبروں سے بھی میسجز موصول ہوتے ہیں، جیسے ’پانی والی ٹینکی صاف کروانے کے لیے ہم سے رابطہ کریں‘ یا پھر ’ہوم ٹیوشن‘ یا ’اے سی سروس کی سہولت کے لیے اس نمبر پر رابطہ کریں۔‘
اس بارے میں پی ٹی اے کے ترجمان خرم مہران نے بتایا کہ یہ میسجز ایک شخص دوسرے کو ذاتی حیثیت میں بھیجتا ہے۔ مارکیٹنگ میسجز سے ہٹ کر یہ عام موبائل نمبر سے خاص سافٹ ویئر کے ذریعے بھیجے جاتے ہیں۔