رجب کے روزوں کے فضائل
امام مازنی ؒ نے امام حسین ؓ کا قول نقل کیا ہے کہ ’’ رجب کے روزے رکھا کرو! کیوں کہ اس کا روزہ اللہ کی طرف سے (نازل کردہ) ایک قسم کی توبہ ہے۔‘‘حدیث میں آتا ہے کہ ’’ اگر کوئی شخص ماہِ رجب میں روزانہ روزہ رکھے اور اس کیساتھ ساتھ اپنی روزی کے ہم وزن صدقہ و خیرات بھی کرتا رہے تو اُس کے کیاہی کہنے ؟ (یہ لفظ حضورِ اقدس ﷺ نے 3 مرتبہ ارشاد فرمایا )۔‘‘ اس شخص کو جو ثواب دیا جائیگا اگر ساری مخلوق بھی اُسکے ثواب کا اندازہ لگاناچاہے تو اُس کے عشر عشیر ( دسویں حصے )کا بھی اندازہ نہیں لگاسکتی۔ حضرت عبد اللہ بن زبیرؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’ماہِ رجب میں جو شخص کسی مومن کی سختی دُور کریگا اللہ تعالیٰ اس کو جنت الفردوس میں تا حد نگاہ ایک بہت بڑا محل عطا فرمائیں گے ۔ خوب سن لو ! ماہِ رجب کی عزت کیا کرو! اللہ تعالیٰ تمہیں ہزار عزتیں نصیب فرمائیں گے ۔‘‘