بھارت،پاکستانیوں اور مسلمانوں کی جاسوسی میں ملوث،امریکی کمپنی کا بڑا انکشاف

jasoosi.jpg
ایک امریکی سیکیورٹی کمپنی نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ہیکرز پاکستانی شہریوں اور اسلامی ایپس کی جاسوسی کرتے ہیں اور ان ہیکرز کو مودی سرکار کی ریاستی سرپرستی حاصل ہے۔

تفصیل کے مطابق بھارت کے غیر ذمہ دار اور دہشت گرد ملک ہونے کا ایک اور ثبوت سامنے آ گیا ہے۔ امریکی سیکیورٹی کمپنی نے بھارت کے ریاستی ہیکرز کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔

امریکی سیکیورٹی کمپنی ‘’لک آؤٹ’’ کے مطابق سن برڈ اور ہورن بِل نامی دو مال ویئر پاکستانی شہریوں اور بھارتی مسلمانوں کی جاسوسی میں ملوث ہیں۔

لُک آؤٹ کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق سن برڈ اور ہورن بِل کو Confucius APT نامی گروپ کنٹرول کرتا ہے جس کو بھارت کی ریاستی سرپرستی حاصل ہے اور یہ گروپ 2013ء سے جاسوسی سے متعلق سافٹ ویئر بناتا ہے۔

ہورن بِل کے ذریعے موبائل میسجز، لوکیشنز اور دستاویزات کی معلومات چوری کی جاتی ہیں جبکہ سن برڈکے ذریعے صارف کے موبائل کا پورا کنٹرول حاصل کیا جاسکتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بھارتی ہیکرز نہ صرف پاکستان کے اندر بلکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بھی ڈیٹا چوری کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ مال ویئر کے ذریعے مسلمانوں سے منسلک موبائل ایپس کی بھی نگرانی کی جاتی ہے۔