ایک اور سنچری داغ کر بابر اعظم نے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا
babar azam.jpg
جنوبی افریقا کیخلاف سنچورین میں کھیلے جانے والے پہلے ون ڈے میچ میں سنچری داغ کر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ایک اور عالمی ریکارڈ کو اپنے نام کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی کپتان بابر اعظم نے اپنی 13 وین سنچری سکور کرنے کے ساتھ ہی ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔وہ کم ترین اننگز میں 13 سنچریاں سکور کرنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ان کی یہ پہلی سنچری تھی۔
یاد رہے کہ بابر اعظم نے اپنی 13وین سنچر ی 103 گیندوں پر مکمل کی تھی جس میں 17 چوکے شامل تھے۔ اس سنچری کے بعد امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ شاندار سنچری کی بدولت وہ بھارتی کپتان ویرات کوہلی سے ون ڈے کرکٹ میں نمبر ون کی رینکنگ بھی اپنے نام کرلیں گے۔
بابراعظم نے 76 اننگز میں 13 سنچریاں بنائیں جبکہ جنوبی افریقا کے سابق اوپنر ہاشم آملہ نے 83، بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے 86، پروٹیز ٹیم کے وکٹ کیپر ڈی کوک نے 86 اور آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 91 اننگز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔