دنیا بھر میں روزہ کتنے گھنٹے کا ہوگا ؟ مختلف ممالک کے خصوصی چارٹ پر مبنی تحریر
Roza.jpg
رمضان اسلامی کیلنڈر کا9 واں مہینہ ہے ۔ اس سال یہ انگریزی کے مہینے اپریل میں آرہا ہے ۔دنیا بھر کے مسلمان اپنے اپنے وقت کے مطابق روزہ افطار اور سحر کرتے ہیں ۔ اسلامی مہینے چونکہ چاند کے مطابق ہوتے ہیں ، اس لئے ہر سال تقریباً دس دن کا فرق پڑجاتا ہے اور اس طرح کبھی رمضان المبارک سردیوں میں آتا ہے تو کبھی شدید گرمیوں میں۔ رمضان المبار ک اصل میں ہے کیا ۔ یہ اسلام میں ایک مذہبی فریضہ ہے جس میں سحر سے افطار تک کھانے پینے سے پرہیز کیا جاتا ہے ۔ اس کے علاوہ ہر برائی سے بچنے کی تاکید کی جاتی ہے ۔ اس مہینہ کا مقصد زندگی میں نورانیت اور پاکیزگی لانا ہے ۔ اس مہینہ میں ہر عبادت کا ثواب کئی گنا ہوجاتا ہے جس سے دنیا بھر کے مسلمان قرآن پاک کی تلاوت کے علاوہ تراویح کا بھی اہتمام کرتے ہیں اور صدقات و خیرات دیتے ہیں ۔ نیک دل مخیر حضرات عوام الناس کیلئے بڑی بڑی افطاریوں یا سحر ی کا اہتمام کرتے ہیں ۔اس مقدس مہینے میں خیرات کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے ، فطرانہ بھی ایک فرض عمل ہے جس کا مقصد مستحق لوگوں کی مدد کرنا ہے ۔ پوری دنیا میں تقریبا1.8بلین مسلمان بستے ہیں ۔ جس میں برطانیہ میں بسنے والے 3.3ملین مسلمان بھی شامل ہیں ۔ہر ملک کا افطاری اور سحری کا اپنا ٹائم ٹیبل ہوتا ہے ، چونکہ اس کا تعلق سورج کے غروب ہونے اور صبح صادق سے ہے اس لئے ہر فاصلے کے ساتھ وقت میں کمی بیشی ہوتی رہتی ہے ۔ ناروے جہاں چھ مہینے دن اور چھ مہینے رات رہتی ہے وہاں بھی علما کرام نے سحر اور افطار کے اوقات معین کئے ہیں ۔
بعض مغربی سماجی ماہرین کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک کا حسن یہ ہے کہ دنیا کے کسی نہ کسی کونے میں افطاری یا سحری کی رونق ضرور ہو گی۔ کسی ملک میں روزہ کا دورانیہ ساڑھے دس گھنٹے کاہو گا تو کسی ملک میں 21گھنٹے کا روزہ رکھا جائے گا۔یہ وہ ممالک ہیں جہاں سورج 20 اپریل سے 22اگست تک غروب نہیں ہو گا ۔ کچھ ممالک میں یہ 20سے 21 گھنٹے کاہو گا۔ان ممالک سے ایشیاء کی جانب آئیں گے تو دورانیہ کم ہوتا جائے گا۔مکہ، اسلام آباد،تہران ، ٹوکیو،غزہ کی پٹی، کویت سٹی، قاہرہ، دمشق بغداد بیروت، ڈھاکہ، دوہا، دوبئی، عدن اوردہلی میں روزے کا دورانیہ 14 سے 15 گھنٹے تک ہو گا۔
کچھ ممالک (جیسا کہ گرین لینڈاور آئس لینڈ )میں 19 سے 20گھنٹے کا روزہ ہو گا۔ فن لینڈ میں 18سے 19گھنٹے،اوسلو ،کوپن ہیگن ،ماسکو، لندن اور سٹاک ہوم کے شہری 17سے 18گھنٹے کاروزہ رکھیں گے۔وارسا، ایمسٹرڈ یم، پیرس نور سلطان اور زیورخ کے مسلمان شہری 16 سے 17گھنٹے کا روزہ رکھیں گے۔ ٹورنٹو کے مکین 15سے 16 گھنٹے کا روزہ رکھیں گے۔صوفیہ (بلغاریہ)،روم،اوٹاوا، بخار سٹ ، میڈرڈ ، لسبن (پرتگال) ، ایتھنز ، واشنگٹن ڈی سی، ترکی اور بیجنگ میں 15سے 16 گھنٹے کا روزہ ہو گا۔ جکارتہ،براسیلیااور کیپ ٹائون میں 12 سے 13گھنٹے کا روزہ رکھا جائے گا۔ (اس مضمون کا ڈیٹا '' الجزیرہ‘‘ میں شائع شدہ مضمون ''Ramadan 2021: Fasting hours around the world ‘‘ سے لیا گیا ہے۔