پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں سے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا، وزیراعظم
Imran khan.jpg
کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج کی پیشہ وارانہ اور جنگی صلاحیتوں سے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا ہے۔ پاک فوج نے اپنے دشمنوں کیخلاف ہمیشہ بہترین نتائج حاصل کیے۔
وزیراعظم نے یہ بات کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے دورہ کے موقع پر اپنے خطاب میں کہی۔ وزیراعظم وہاں پہنچے تو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے کورس شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ان کے جذبے اور سراہا اور کہا کہ پاک فوج نے دشمن کیخلاف ہمیشہ بہترین نتائج حاصل کیے۔ پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے ملکی دفاع ناقابل تسخیر ہوا۔
وزیراعظم نے پاکستان کے مستقبل کے حوالے سے اپنی سوچ پر بھی بات کی اور کہا کہ ایسا پاکستان جہاں قانون کی حکمرانی، سب کا احتساب اور انصاف عام ہو۔ قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے نظریہ کے مطابق خوشحال اسلامی ریاست سخت محنت سے ہی قائم ہو سکتی ہے۔
اس سے قبل زیارت ریزیڈنسی میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سابق حکومت بھاری قرضے چڑھا کر گئی۔ ہم نے سخت مشکلات کے باوجود ملکی معیشت کو درست کیا۔ خوشخبری ہے کہ مشکل وقت سے ہمارا ملک نکل گیا ہے۔ اگلے سال شرح نمو میں مزید اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پچھلے سال گروتھ ریٹ صفر اعشاریہ پانچ فیصد تھا، ہماری معیشت کا واقعی برا حال تھا، تاہم اب پچھلے ہفتے گروتھ ریٹ کے نئے اعدادوشمار سامنے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے ہی دن کہنا شروع کر دیا تھا کہ ہماری حکومت فیل ہو گئی۔ پچھلے ہفتے گروتھ ریٹ تقریباً چار فیصد سے اوپر گیا تو اپوزیشن کہتی ہے اعدادوشمار ٹھیک نہیں، اپوزیشن آج بڑی مشکل میں ہے، ان پر بڑا ترس آتا ہے۔ مخالفین ڈرتے ہیں کہ معیشت بہتر ہو گئی تو ان کی سیاست ختم ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں بادشاہوں کی طرح اشرفیوں کی تھیلیاں نہیں پھینک سکتا۔ کسی بھی فنڈ کے اجرا کیلئے وزیر خزانہ سے مشاورت کرنا پڑتی ہے۔ حکومت نے بلوچستان کو اپنا سمجھا، ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔ پہلی بار بلوچستان میں ترقیاتی کاموں پر پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔