نیب نے سعد رفیق، ریلوے افسران کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی
saad rafique.jpg
اسلام آباد: چیئرمین نیب کی صدارت میں نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا، نیب نے خواجہ سعد رفیق اورریلوے کے افسران کے خلاف انکوائری کی منظوری دے دی۔
قومی احتساب بیوروکے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس نیب کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں منعقد ہوا، اجلاس میں سابق وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعد رفیق ، پاکستان ریلویز کے افسران اور دیگر، مظفر علی رانجھا، سابق ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب، نورالامین مینگل سابق ڈی سی او فیصل آباد، ہائی ویز ڈیپارٹمنٹ فیصل آباد کے افسران ، سٹی ڈسٹرکٹ حکومت فیصل آباد کے افسران ، میسرز یڈ کے بی ریلائیبل اور دیگر، چودھری شیر علی سابق مئیر سابق رکن قومی اسمبلی فیصل آباد اور دیگر کے خلاف نیب انکوئریوں کی منظوری دے دی گئی۔
اجلاس میں محمد یاسین سابق تحصیل ناظم، غزالہ شاہین دختر محمد یاسین، غلام مرتضیٰ، اعظم سہیل اور دیگرکے خلاف انکوائری قانون کے مطابق مزید کاروائی کے لئے ایف بی آر اور ایف آئی اے کو بھیجنے کی منظوری دی گئی۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا قومی ادارہ ہے، نیب نے 2020 میں 323 ارب روپے بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پرجب کہ اپنے قیام سے اب تک814 ارب روپے بدعنوان عناصر سے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر برآمدکئے ہیں جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے.