تم سے باتیں کروں
وقت بے وقت لمحوں کی بندش سے ہو کر جدا
الٹی سیدھی سی بے ربط باتوں کا اِک سلسلہ
کوئی چھوٹی سی پھولوں کی ایسی لڑی
جس میں کلیاں حسیں
کچھ تیرے نام کی کچھ میرے نام کی
رات بھر جو پروتے ہوئے نہ تھکوں
بولتی ہی رہوں
تیرے من کی سنوں
اپنے من کی کہوں
تھوڑی تیرے لئے تھوڑی میرے لئے
وقت کی کوکھ سے ایسی گھڑیاں چنوں
جن میں تیری نوا اور نہ میری صدا
اس کڑی دھوپ کی شدتوں میں فقط
زندگی سے بھری بارشوں کی گھٹا
الٹی سیدھی سی بے ربط باتوں کا اِک سلسلہ