خدا قلاّش کو بھی شان و شوکت بخش دیتا ہے
وہی ذراتِ بے مایہ کو عظمت بخش دیتا ہے
وہ شہرت یافتہ کو پل میں کردیتا ہے رسوا بھی
ذلیل و خوار کو چاہے تو عزت بخش دیتا ہے
کبھی دانشوروں پر تنگ کردیتا ہے وہ روزی
کبھی جاہل کو بھی انعامِ دولت بخش دیتا ہے
وہ لے کر تاجِ شاہی کو کسی سرکش شہنشاہ سے
کسی کمزور کو دے کر حکومت بخش دیتا ہے
وہی بے چین رکھتا ہے امیرِ شہر کو شب بھر
یقیں کی سیج پر مفلس کو راحت بخش دیتا ہے
فضائے شر میں، کارِخیر کو ملتی ہے یوں عزت
وہ جب نفرت کے بدلے دل کو چاہت بخش دیتا ہے
سمجھ لیتا ہے جو بھی اس رازِ مشیت کو
وہ اُس انسان کو نورِ حقیقت بخش دیتا ہے