جب شراب کی حرمت کی آیت نازل ہوئی تو حضرت عمر (رضی اللہ عنہ) نے کہا : یا اللہ ، تُو اس کا واضح بیان فرما ۔
اس پر سورہ البقرة کی یہ آیت { يسألونك عن الخمر والميسر قل فيهما إثم كبير : 2:219 } نازل ہوئی ۔ حضرت عمر (رض) کو بلایا گیا اور انہیں یہ آیت پڑھ کر سنائی گئی ۔ لیکن حضرت عمر (رض) نے پھر بھی یہی دعا کی کہ : یا اللہ ، اسے ہمارے لیے اور زیادہ صاف بیان فرما ۔
اس پر سورہ النساء کی آیت { يا أيها الذين آمنوا لا تقربوا الصلاة وأنتم سكارى : 4:43 } نازل ہوئی اور ہر نماز کے وقت پکارا جانے لگا کہ نشے والے لوگ نماز کے قریب بھی نہ آئیں ۔
حضرت عمر (رض) کو بلایا گیا اور ان کے سامنے اس آیت کی بھی تلاوت کی گئی ، آپ نے پھر بھی یہی دعا کی : یا اللہ ہمارے لیے اس کا بیان اور واضح کر ۔
اس پر سورہ المائدہ کی آیت { إِنَّمَا الْخَمْرِ : 5:91 } اتری ۔ جب فاروق اعظم رضی اللہ عنہ کو بلا کر یہ آیت بھی سنائی گئی اور جب ان کے کان میں آیت کے آخری الفاظ { فهل أنتم منتهون ( کیا تم باز آؤ گے ؟ ) } پڑے تو آپ بول اٹھے : { انتھینا انتھینا ( ہم رُک گئے ، ہم باز آئے ) }