وہ اپالو کی طرح وجیہہ تھا۔ ۔ ۔ جب اُس نے ایک گھٹنے پر دوسرا گھٹنا رکھ کرسر کو صوفے کی پشت سے لگایا تو بی بی کو عجیب قسم کی کشش محسوس ہوئی، جمالی ملک کے ہاتھوں میں سارے ہوٹل کی ماسٹر چابیاں تھی۔ ۔ ۔ اور اُسکی بڑی سی انگوٹھی نیم روشنی میں چمک رہی تھی۔
اِس خاموش خوبصورت آدمی کو بی بی نے اپنے نکاح سے آدھہ گھنٹہ پہلے پہلی بار دیکھا تھا۔ ۔ ۔ اور اُسکی ایک نظر نے اُسے اپنے اندراس طرح جذب کر لیا تھا جیسے سیاہی چوس ساہی کو جذب کرتا ہے۔ ۔ ۔
میں آپکو مبارک باد پیش کر سکتا ہوں؟ اُس نے مضطرب نظروں سے بی بی کو دیکھ کر پوچھا۔ ۔ ۔ وہ بلکل چُپ رہی۔
لڑکیاں۔ ۔ ۔ خاص کر آپ جیسی لڑکیوں کو ایک بڑا زعم ہوتا ہے اور اِسی زعم کے ہاتھوں وہ ایک بہت بڑی غلطی کر بیٹھتی ہیں۔
نقلی پلکوں والے بوجھل پپوٹے اُٹھاکر بی بی نے پوچھا۔ ۔ ۔ کیسی غلطی؟
کچھ لڑکیاں محض رشی سادھؤوں کی تپسیاں توڑنے کو خوشی کی معراج سمجھتی ہیں۔ ۔ ۔ وہ سمجھتی ہیں کہ کسی بے نیازی کی ڈھال میں سوراخ کر کے وہ سکونِ معراج پالینگی۔ ۔ ۔ کسی کا تقوی برباد کردینا خوشی کے مترادف نہیں ہے۔ ۔ ۔ کسی کے زہد کو عجز وانکساری میں بدل دینا کچھ اپنی راحت کا باعث نہیں۔ ۔ ۔ ہاں دوسروں کے لیے احساسِ شکست کا باعث ہوسکتی ہے یہ بات۔ ۔ ۔ چابیاں ہاتھ میں گھوم پھررہی تھیں ذہانت و فصاحت کا دریا رواں تھا۔
یہ زعم عورتوں میں۔ ۔ ۔ لڑکیوں میں کب ختم ہوگا؟ میں سمجھتا تھا آپ ذہین ہیں مگر آپ بھی وہی غلطی کر بیٹھی جو عام لڑکیاں کرتی ہیں۔ ۔ ۔ آپ بھی توبہ شکن بننا چاہتی ہیں۔
مجھے۔ ۔ ۔ مجھے پروفیسر فخر سے محبت ہے۔
محبت۔ ۔ ۔ ؟ آپ پروفیسر فخر کو یہ بتانا چاہتی ہے کہ اندر سے وہ بھی گوشت پوست کے بنے ہوئے ہیں۔ ۔ ۔ اپنے تمام آئیڈیلز کے باوجود وہ بھی کھانا کھاتے ہیں۔ ۔ ۔ سوتے ہیں۔ ۔ ۔ اور محبت کرتے ہیں۔ ۔ ۔ اُنکا کورٹ آف آرمر اتناسخت نہیں جس قدروہ سمجھتے ہیں۔
وہ چاہتی تھی جمالی ملک سے کہے کہ تم کون ہوتے ہو مجھے پروفیسر فخر کے متعلق کچھ کہنے والے۔ ۔ ۔ تمہارا کیا حق پہنچتا ہے یہاں لیدر کے صوفے سے پشت لگا کر سارے ہوٹل کی ماسٹر چابیاں ہاتھ میں لیکر اتنے بڑے آدمی پر تبصرہ کرو۔ ۔ ۔ لیکن وہ بے بس سنے جارہی تھی اور کچھ کہہ نہیں سکتی تھی۔
میں پروفیسر صاحب سے واقف نہیں ہو مگر جو کچھ سنا ہے اُس سے یہی اندازہ لگایا ہے کہ اگر مجرد رہتے تو زیادہ بہتر تھا۔ ۔ ۔ عورت تو خواہ مخواہ توقعات سے وابستہ کر لینے والی شے ہے۔ ۔ ۔ وہ بھلا اِس صنف کو کیا سمجھ پائینگے۔
جمالی صاحب۔ا ُس نے التجا کی۔
آپ سی لڑکیاں اپنے رفیق حیات کو یوں چنتی ہیں جس طرح مینو سے کوئی اجنبی نام کی ڈش آڈر کر دی جائے، محض تجربے کی خاطر۔ ۔ ۔ محض تجسس کے لیے۔ وہ پھر بھی چُپ رہی۔
اتنے سارے حسن کا پروفیسر صاحب کو کیا فائدہ ہوگا بھلا۔ منی پلانٹ پانی کے بغیر سوکھ جاتا ہے۔ ۔ ۔ عورت کا حسن پرستش اور ستائش کے بغیر مرجھا جاتا ہے۔ ۔ ۔ کسی ذہین مرد کو بھلا کسی خوبصورت عورت کی کب ضرورت ہوتی ہے، اُسکے لیے تو کتابوں کا حسن بہت کافی ہے۔
شمعدان اپنی پانچ موم بتیوں سمیت دم سادھے جل رہا تھا اور وہ اپنے کیوٹیکس لگے ہاتھوں کو بغور دیکھ رہی تھی۔
مجھ سے بہتر قصیدہ گو آپکو کبھی نہیں مل سکتا قمر۔ ۔ ۔ مجھ سا گھر آپکو نہیں مل سکتا کیونکہ میرا گھر اسی ہوٹل میں ہے اور ہوٹل سروس سے بہتر سروس کوئی نہیں ہوتی۔ اور مجھے یہ بھی یقین ہے کہ میری باتوں پر آپکو اُس وقت یقین آئیگا جب آپکے چہرے پر چھائیاں پڑ جائینگی۔ ۔ ۔ ہاتھ کیکر کی چھال جیسے ہو جائینگے۔ ۔ ۔ اور پیٹ چھاگل میں بدل جائیگا۔ ۔ ۔ میں تو چاہتا تھا۔ ۔ ۔ میری تمنا تھی کہ جب ہم اِس ہوٹل کی لابی میں اگٹھے پہنچتے۔ ۔ ۔ جب اسکی بار میں ہم دونوں کا گزر ہوتا۔ ۔ ۔ جب اسکی گیلریوں میں ہم چلتے نظر آتے تو امریکن ٹورسٹ سے لیکر پاکستانی پیٹی بوژوا تک سب ہماری خوش نصیبی پر رشک کرتے ۔ ۔ ۔ لیکن آپ آئیڈیلسٹ بننے کی کوشش کرتی ہیں ،یہ حسن کے لیے گڑھا ہے بربادی کا۔
ساون کی رات جیسا گہرا نیلا سوٹ۔ ۔ ۔ کارنیشن کا سُرخ پھول اور آفٹرشیو لوشن سے بسا ہوا چہرہ بالآخر دروازے کی طرف بڑھا،اور بڑھتے ہوئے بولا۔
کسی سے آئیڈیلز مستعار لیکر زندگی بسر نہیں ہو سکتی محترمہ۔ ۔ ۔ آدرش جب تک اپنے ذاتی نہ ہو ہمیشہ منتشر ہو جاتے ہیں۔ ۔ ۔ پہاڑوں کا پودا ریگستان میں نہیں لگا کرتا۔
اُس میں اتنا حوصلہ بھی نہ رہا کہ وہ ایک آخری نظر جمالی ملک پر ہی ڈال لیتی۔ ۔ ۔ دروازے کے مدور ہینڈل پر ہاتھ ڈال کر جمالی ملک نے تھوڑا سا پٹ کھول دیا، گیلری سے لڑکیوں کے ہنسنے کی آوازیں آنے لگی۔
مین بھی کس قدر احمق ہوں۔ ۔ ۔ اُس سے اپنا کیس Pleadکر رہا ہوں جو کب کا فیصلہ کر چکی ہے۔ ۔ ۔ اچھا جی مبارک ہو آپ کو۔
دروازہ کھلا اور پھر بند ہوگیا۔ ۔ ۔ جاتے ہوئے وجیہہ منیجرکو ایک نظر بی بی نے دیکھا اور خود پر لعنت بھیجتی ہوئی اُس نے نظریں جھکا لیں۔
چند لمحوں بعد دروازہ پھر کھلا اور ادھ کُھلے پٹ سے جمالی ملک نے اندر جھانک کر دیکھا۔ ۔ ۔ اُسکی ہلکی براؤن آنکھوں میں نمی اور شراب کی ملی جلی چمک تھی جیسے گلابی شیشیوں پر آہوں کی بھاپ اگھٹی ہوگئی ہو۔
مجھ سے بہتر آدمی تو آپ کو مل رہا ہے مگر مجھ سے بہتر گھر نہ مل سکے گا آپکو مغربی پاکستان میں۔
اسی طرح سنتو جمعدارنی کے جانے پر بی بی نے سوچا تھا۔ ہم سے بہتر گھر کہاں ملے گا کلموہی کو۔
اِسی طرح خورشید کے چلے جانے پر وہ دل کو سمجھاتی تھی اِس بدبخت کو اِس سے اچھا گھر کہاں ملے گا۔ ۔ ۔ مگر ساتھ ساتھ بی بی یہ بھی جانتی تھی بہتر گھر ملے نہ ملے وہ لوٹ کرآنے والیوں میں سے نہیں تھیں۔ ۔ ۔ اتنے برس گزرنے کے بعد ایک پل تعمیر ہو گیا تھا۔ ۔ ۔ آپ ہی آپ ماضی سے جوڑنے والا ۔ ۔ ۔ وہ دل برداشتہ انارکلی چلی گئی۔ ۔ ۔ اُسکا خیال تھا کہ وہ دو چار گھنٹے کی غیر موجودگی میں سب کچھ ٹھیک کر دیگی۔ ۔ ۔ سنتو جمعدارنی اور خورشید تک کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائیگا۔
لیکن ہوا یوں کہ جب وہ اپنے اکلوتے دس روپے کے نوٹ کو ہاتھ میں لیے بانو بازار میں کھڑی تھی اور سامنے ربڑ کی چپلوں والے سے بھاؤ کر رہی تھی نہ چپلوں والا پونے تین سے نیچے اُترتا تھا اور نہ وہ ڈھائی سے اُوپر چڑھتی تھی، عین اُسی وقت ایک سیاہ کار اُسکے پاس آکر رکی۔
اپنے بوائے پھٹے پیروں کو نئی چپل میں میں پھنساتے ہوئے اُس نے ایک نظر کار والے پرڈالی۔ ۔ ۔ وہ اپالو کے بت کی طرح وجیہہ تھا کنپٹیوں کے قریب پہلے چند سفید بالوں نے اُسکی وجاہتِ پر رعبِ حسن کی مہر بھی لگا دی تھی وقت نے اُس سینٹ کا کچھ نہ بگاڑا تھا وہ اُسی طرح محفوظ تھا جیسے ابھی کولڈ سٹوریج سے نکلا ہو۔ ۔ ۔
بی بی نے اپنے کیکر کی چھال جیسے ہاتھ دیکھے۔ ۔ ۔ پیٹ پر نظر ڈالی جو چھاگل میں بدل چکا تھا۔ ۔ ۔ اور اُن نظروں کو جھکا لیا جن میں اب کتیرہ گوند کی بجھی بجھی سی چمک تھی۔ ۔ ۔ جمالی ملک اُسکے پاس سے گزرا مگر اُسکی نظروں میں پہچان کی گرمی نہ سلگی۔
وآپسی پر وہ پروفیسر صاحب سے نظریں چرا کر بستر پر لیٹ گئی اور آنسوؤں کا رُکا ہوا سیلاب اُسکی آنکھوں سے بہہ نکلا۔
پروفیسر صاحب نے بہت پوچھا مگر وہ اُنہیں کیا بتاتی کہ درخت چاہے کتنا بھی اُونچا کیوں نہ ہو جائے اُسکی جڑیں ہمیشہ زمین کو ہوس سے کریدتی رہتی ہیں۔ ۔ ۔ وہ اُنہیں کیا سمجھاتی کہ آئیڈیلز کچھ مانگے کا کپڑا نہیں جو پہن لیا جائے۔ ۔ ۔ وہ اُنہیں کیا کہتی کہ عورت کیسے توقعات وابستہ کر لیتی ہے۔ ۔ ۔ اور۔ ۔ ۔ توقعات کا محل کیونکر ٹوٹتا ہے؟
وہ غریب پروفیسر کو کیا سمجھاتی؟۔ ۔ ۔ ایسی باتیں تو شاید جمالی ملک بھی بھول چکا تھا۔
بانو قدسیہ کے افسانے توبہ شکن سے منتخب
پھر یوں Ûوا Ú©Û’ درد مجھے راس Ø¢ گیا